ریاض،3 فروری(آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب میں کابینہ نے The Unified National Employment Platform کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ یہ پلیٹ فارم مطلوبہ سوالنامے کی بنیاد پر سرکاری اور نجی سیکٹر میں روزگار کے درخواست گزاروں کی معلومات پر مشتمل ہو گا۔
یہ پیش رفت مملکت کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبد العزيز آل سعود کے زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے وڈیو کانفرنسنگ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔
اجلاس کے آغاز پر کابینہ نے ریاض شہر کے لیے ترقی کے منصوبوں کے حوالے سے سعودی فرماں روا اور ان کی انتظامیہ کی بھرپور کوششوں پر اظہار تشکر کیا۔ کابینہ نے ویژن 2030ء کی روشنی میں مملکت میں سامنے آنے والے سرمایہ کاری کے غیر معمولی مواقع کا بھی جائزہ لیا۔
سعودی عرب کے نامزد وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے سرکاری خبر رساں ایجنسی "ایس پی اے" کو دیے گئے ایک بیان میں بتایا کہ اجلاس میں کابینہ نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر کرونا وائرس کی وبا اور اس سے متعلق اعداد و شمار کا جائزہ لیا۔ مزید برآں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت و سلامتی کے تحفظ کے واسطے کیے گئے احتیاطی اقدامات بھی زیر بحث آئے۔
علاوہ ازیں کابینہ نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اہم موضوعات اور پیش رفت کے حامل امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع مملکت کی جانب سے سلامتی کونسل کے اجلاس میں سامنے آنے والے موقف کا اعادہ کیا گیا۔ اس کے مطابق سعودی عرب تزویراتی آپشن کے طور پر امن و سلامتی کا پابند ہے۔ وہ عرب دنیا کی اراضی کی وحدت ، خود مختاری اور سلامتی کا خواہاں ہے۔ وہ خطے کے لیے خطرہ بننے والے کسی بھی ضرر کو قبول نہیں کرتا۔ فلسطین کے مسئلے کے حوالے سے مملکت کا موقف دو ٹوک اور ثابت قدمی پر مبنی ہے۔ سعودی عرب ایک جامع اور منصفانہ حل کے واسطے فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑا ہے۔ یہ حل بین الاقوامی قانونی قرار دادوں اور 2002ء کے عرب امن منصوبے کے مطابق ہونا چاہیے۔